وزیراعظم عمران خان 2023ءانتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے پر عزم ہیں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

53

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 2023ءانتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی کے استعمال اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے پر عزم ہیں، حکومت ای وی ایم کے معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی کوشش کر رہی ہے اور ہم اپوزیشن اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر امیج بہتر ہوا ہے اور ملک ترقی کی منازل کی جانب گامزن ہے،

وزیراعظم عمران خان نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کریں گے بلکہ اگلے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے، نیوزی لینڈ ٹیم کو کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں تھا، ساری تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور ایک دو روز میں دنیا کو ثبوت دیں گے ۔منگل کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں تھا، نیوزی لینڈ ٹیم نے ٹوپی ڈرامہ کیا ہے، پہلے دن سے ہم ان کے سارے ناز نخرے اٹھا رہے تھے،

وزارت داخلہ نے نیوزی لینڈ ٹیم کو جتنی سیکیورٹی مہیا کی اتنی پورے نیوزی لینڈ کی فوج نہیں ہے، اداروں نے دورے کی منسوخی کے حوالے سے تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور ایک دو روز میں ثبوت دنیا کو دیں گے، برطانیہ میں بھی نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو سیکیورٹی تھریٹ موصول ہوئی تھیں وہاں کا دورہ تو انہوں نے منسوخ نہیں کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی کے فیصلے کے بعد کہہ دیا تھا کہ انگلش ٹیم بھی نہیں آئے گی، انگلینڈ میں جتنا کورونا ہے اتنا پاکستان میں نہیں ہے، پاکستان نے جسطرح سے نہ صرف کورونا وبا کو ہینڈل کیا بلکہ اسے شکست دی وہ دنیا کیلئے ایک مثال ہے،

دنیا پاکستانی اقدامات کی نقل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے، ہم افغانستان میں امن و استحکام دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان نے افغانستان میں امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، بھارت کی افغانستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری خاک میں مل گئی اور اب ذلت و رسوائی اس کے نام لکھی گئی ہے، پاکستان چین اور روس سمیت خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلاءکیلئے اہم کردار ادا کیا،

ہم نے ورلڈ بینک، آئی ایم ایف کے نمائندوں سمیت 10 ہزار سے زائد غیرملکیوں کا انخلاءکیا جو اب پاکستان سے اپنے اپنے ممالک جانے کیلئے اپنی فلائٹس کا انتظار کر رہے ہیں، ہمارے پاس افغانستان سے کوئی مہاجرین نہیں آئے اور نہ ہی یہاں کوئی مہاجر کیمپ ہے لیکن ہم افغانستان میں لوگوں کیلئے امداد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان بھارت کی سیاسی موت ہے، ملک دشمن عناصر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، سیکیورٹی فورسز پر ملک دشمن عناصر ہی حملے کرتے ہیں، اس وقت بارڈر پر ہماری فوج تعینات ہو چکی ہیں اور ہمارے بارڈر محفوظ ہیں اسلئے ہم دہشتگردوں سے نمٹ لیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سب سے بڑا اسلامی ایٹمی ملک ہے اور جغرافیائی لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے، امریکہ سمیت کوئی بھی ملک پاکستان کو بائی پاس نہیں کر سکتا۔ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر کیلئے نہیں بلکہ انہیں وفاقی محتسب لگانے کیلئے خط لکھا تھا، مجھ پر یہ الزام غلط ہے کہ میں نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے انہیں خط لکھا تھا۔

چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال کے جواب پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کیسز چل رہے ہیں اس لیے ان سے رائے نہیں لی جا سکتی، چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی سرخرو ہو کر نکلے گی، پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے الیکشن کمیشن میں ساری تفصیلات جمع کرائی ہوئی ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے پاس تو رسیدیں ہی نہیں جو وہ الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں پی ٹی آئی کو اپنے آزاد امیدواروں کی وجہ سے نقصان ہوا ہے، ملک میں اگلے عام انتخابات سے قبل حالات بہتر ہوں گے، لوگ مہنگائی پر وزیراعظم عمران خان پر تنقید ضرور کرتے ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ صرف وزیراعظم عمران خان ہی ملک کو درپیش تمام مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خوش نصیبی ہے کہ انہیں اتنی نالائق اپوزیشن ملی ہے، ن لیگ میں چچا اور بھتیجی کی آپس میں لڑائی ہے، میں نے ن سے ش نکلنے کا کہا تھا، اب کہتا ہوں کہ ش سے بھی ق، ل اور م نکلے گا، ان کی خاندانی پگڑیوں کی لڑائی ہے، وزیراعظم عمران خان نے خود کو منوایا ہے، وہ ایک حقیقت ہیں اور اگلے انتخابات میں انہیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہو گا۔