وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے فیزتھری کا آغاز ، ایک لاکھ طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے، ایچ ای سی

400
وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے فیزتھری کا آغاز ، ایک لاکھ طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے، ایچ ای سی

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے فیزتھری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مرحلہ میں ایک لاکھ طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سکیم کے تحت ایچ ای سی کی منظور شدہ سرکاری جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو جدید اور اعلیٰ معیار کے لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔

اہلیت اور قابلیت کے معیار پر پورا اترنے والے ایک لاکھ طلبہ میں ایک آن لائن شفاف کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے یہ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے خواہش مند طلباء اپنی درخواستیں 20 جون 2023 تک آن لائن پورٹل www.pmyp.gov.pk پر جمع کرا سکتے ہیں۔ سکیم کا مقصد سائنس، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کے معیار میں بہتری لانا ہے۔ یہ پروجیکٹ طلبہ کے کام کی صلاحیت اور استعداد میں خاطر خواہ بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اس سے پہلے اسی طرح کے دو پراجیکٹس کامیابی سے مکمل کر چکا ہے۔

ایسے طلبہ جو ایچ ای سی سے منظور شدہ سرکاری یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم ہیں اور ان کی تعلیم کا دورانیہ 30 جون 2030 تک ہے، وہ لیپ ٹاپ کے لئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ پانچ سالہ ڈگری پروگرام میں زیرتعلیم طلبہ کے لئے ضروری ہے کہ ان کا داخلہ 30 جون 2018 کے بعد اور 30 جون 2023 سے پہلے ہوا ہو جبکہ چار سالہ پروگرام والوں کا داخلہ 30 جون 2019 کے بعد اور 30جون 2023 سے پہلے ہوا ہو۔ دو سالہ پروگرام والے طلباء کے لیے ضروری ہے کہ ان کا داخلہ 30 جون 2021 کے بعد اور 23 جون 2023 سے پہلے ہوا ہو۔ 1.5، 2.5 اور 3 سالہ پروگرام والے طلبہ کا داخلہ 31 دسمبر 2019، 31 دسمبر 2020 اور 31 دسمبر 2021 سے پہلے ہوا ہو جبکہ ان کے پروگرام کا اختتام 30 جون 2023 کو ہونا چاہئے۔

پی ایچ ڈی ایم ایس اور ایم فل کے کے طلباء و طالبات بات جو ہفتہ وار پروگرام میں داخل ہیں، وہ اس سکیم کے لیے اہل نہیں۔ طلبہ کی اہلیت اور ان کے داخلے کا تعین لیپ ٹاپ کی تقسیم کے دن ان کا متعلقہ ادارہ کرے گا۔ صرف انہی طلباء کو کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے جو اہلیت پر پورا اتریں گے اور جن کی درخواست آن لائن بروقت جمع ہوگی۔ علاوہ ازیں اہلیت کے لیے لازم ہے کہ طلباء نے سمسٹر سسٹم کے تحت 70 فیصد مارکس حاصل کئے ہوں اور سالانہ سسٹم کے تحت 60 فیصد مارکس حاصل کئے ہوں۔

سی جی پی اے اور جی پی اے کی پرسنٹیج سسٹم کے مطابق تشریح ایچ ای سی کے وضع کردہ کلیہ کے مطابق ہو گی۔ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے طلباء کو ان کے ادارے اور شعبہ کے لئے مختص کوٹہ کے تحت لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ مزید معلومات اور درخواست داخل کرنے کے لئے https://laptop.pmyp.gov.pk/ وزٹ کریں۔