19.1 C
Islamabad
منگل, مارچ 18, 2025
ہومتازہ ترینوزیراعظم محمدشہبازشریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے...

وزیراعظم محمدشہبازشریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے امور پر جائزہ اجلاس، غیر معیاری بیج کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

- Advertisement -

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غیر معیاری زرعی بیج کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف جلد از جلد سخت کارروائی یقینی بنانے،پاکستان میں خوردنی تیل کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے اور صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پورے ملک میں فارم میکانائزیشن کو فروغ دینے کی ہدایات دی ہیں۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمدشہبازشریف کی زیرصدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،حکومت ملک میں زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے تمام سہولیات مہیا کرے گی،زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ملک بھر سے نوجوان زرعی محققین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر معیاری زرعی بیج کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف جلد از جلد سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے پاکستان میں خوردنی تیل کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی کہ تاکہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی اے آر سی میں تحقیقاتی کام کو جلد فعال کیا جائے،صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پورے ملک میں فارم میکانائزیشن کو فروغ دیا جائے ۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کے حوالے سے ویلیو ایڈیشن کے لئے نوجوانوں کی تربیت اور انہیں آسان زرعی قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم نےپاسکو کو ختم کرنے کے حوالےسے تمام تر ضروری امور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نےزرعی اجناس کی برآمدات کے حوالے سے کھیت سے لے کر پورٹ تک پوری سپلائی چین کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے پر اظہار اطمینان کیا۔اجلاس کو زرعی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا قیام حتمی مراحل میں ہے، زرعی اجناس کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے یورپی یونین اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ لیبارٹری یونیورسٹی آف کراچی کے ایچ ای جے سینٹر میں قائم کی جا چکی ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ زرعی شعبے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے حوالے سے نیشنل منسٹیریل فورم آن ایگریکلچر تشکیل دیا جا چکا ہے،بیج، ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی اور آرگینک فوڈ کے حوالے سے قومی پالیسوں کے مسودے منظوری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد ، چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد لنگڑیال اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573569

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں