وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات

278
وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قطر کے سفیر نے وزیراعظم کو امیر قطر کا نیک خواہشات کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے تاریخ کے کامیاب ترین فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر قطر کو مبارکباد دی اور ورلڈ کپ کے دوران فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کے اہم کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ان تعلقات کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں اور افرادی قوت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ قطر خلیجی خطے میں پاکستانیوں کی ایک بڑی آبادی رکھنے والا ملک ہے۔ پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں۔دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔