15.5 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںوزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کےصدر الہام علیوف کا دونوں ممالک...

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کےصدر الہام علیوف کا دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری پر اطمینان کا اظہار، اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

- Advertisement -

باکو۔24فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کےصدر الہام علیوف نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مابین قریبی، تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عہد کیاہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی، انفراسٹرکچر اور مواصلات اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اورمختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو بڑھانے پر اتفاق کیاہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے مابین یہاں دوطرفہ ملاقات ہوئی۔

- Advertisement -

وزیر اعظم صدر الہام علیوف کی دعوت پر آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ زوولبا صدارتی محل پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا صدر الہام علیوف نے پرتپاک استقبال کیا۔ آذربائیجان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں کی جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے مابین قریبی، تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عہد کیا۔دوطرفہ ملاقات کے بعد پاکستان اور آذربائیجان کے وفود کی ملاقات و بات چیت ہوئی جس میں دونوں اطراف کے اہم وزرا اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ بات چیت میں دونوں اطراف نے اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے توانائی، انفراسٹرکچر اور مواصلات اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ طرفین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ تجارت کا حجم برادرانہ سیاسی تعلقات کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اقوام متحدہ (یو این)، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فعال تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الہام علیوف کی جانب سے ان کے گزشتہ دورہ پاکستان میں آذربائیجان کی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کو سراہا اور ان ممکنہ منصوبوں کے بارے میں گفتگو کی جو سرمایہ کاری کے لئےتیار ہیں۔

صدر الہام علیوف نے اپریل میں پاکستان آمد اور ان معاہدوں کو با ضابطہ شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جموں و کشمیر کے مسئلے پر آذربائیجان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کو پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ صدر الہام علیوف کی جرات مندانہ قیادت میں آذربائیجان نے کامیابی کے ساتھ کاراباخ کو آزاد کرا لیا ہے، یہ آذربائیجان ہی کا علاقہ ہے جس کی اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے ذریعے توثیق کی جا چکی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر الہام علیوف نے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کی۔پاکستانی وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی شامل تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565411

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں