تہران۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران کے دارلحکومت تہران پہنچ گئے۔ مہرآباد ایئر پورٹ آمد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان کے ایران میں سفیر مدثر ٹیپو اور اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کومہرآباد ایئرپورٹ پر ایرانی فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی دورہ ایران میں وزیرِ اعظم کے ساتھ وفد میں شامل ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کیلئے سعدآباد پیلس تہران جائیں گے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ۔
بعد ازاں وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی ایرانی صدر اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ اور پاکستان پر بھارت کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی حمایت و جنوبی ایشیاء میں امن کی کوششوں پر وزیراعظم ایرانی صدر و عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم اور پاکستانی وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کرے گا جس میں دوطرفہ امور کے علاوہ اہم علاقائی امور پر گفتگو ہوگی۔ وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601413