وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کا ٹیلی فون پر رابطہ

244

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر پاکستانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مصر کی جانب سے امداد کا اعلان بھی کیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل کی اس گھڑی میں ٹیلی فون کرنے پر صدر عبدالفتح السیسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مصری حکومت کی طرف سے حمایت اور یکجہتی کے بھرپور اظہار کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد پر مصر کے صدر اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے حالانکہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والی گرین ہاؤس گیسوں کے عالمی اخراج میں اس کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے۔

وزیر اعظم نے مصری صدر کو سیلاب سے ہونے والی تباہی سے جانوں، انفراسٹرکچر، ذریعہ معاش اور فصلوں کے نقصانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جانیں بچانے کے لیے حکومت کی ریسکیو اور امداد کی کوششوں کے علاوہ غذائی تحفظ، صحت اور معیشت پر سیلاب کے طویل مدتی اثرات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات سے بھی آگاہ کیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ لاکھوں متاثرین کی بحالی، تعمیر نو اور معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے بے پناہ وسائل درکار ہیں۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے مصر کے صدر کو ماحولیات کے حوالے سے عالمی کانفرنس  کی کامیابی کے لیے پاکستان کی حمایت کا بھی یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان گہرے اور خوشگوار تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون رکھتے ہیں۔