وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر کے گیس لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کرا دیا

287

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایک ہنگامی اجلاس طلب کر کے گیس لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کرا دیا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جمعرات کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں انہیں کراچی میں رمضان المبارک کے دوران گیس کے دبائو میں کمی، تعطل اور لوڈ شیڈنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ان کے گزشتہ روز کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے کراچی میں گیس تعطل کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سحر و افطار میں شہریوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کے دوران گیس فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے تھی۔

وزیر اعظم نے گیس فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کرنے اور کوئی کوتاہی نہ برتنے کی بھی سخت ہدایت کی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں کراچی میں گیس فراہمی کی شکایات کا سخت نوٹس لیا تھا ۔