13.2 C
Islamabad
بدھ, فروری 26, 2025
ہومتازہ ترینوزیراعظم محمد شہباز شریف کا ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں یادگار آزادی...

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں یادگار آزادی کا دورہ، پاک ازبک تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار

- Advertisement -

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےتاشقند میں یادگار آزادی کا دورہ کیا اور پاکستان ازبکستان تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ عاریپوف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ منگل کو پرائم منسٹر آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ وزیر اعظم شہباز شریف نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جو ازبکستان کی شاندار تاریخ اور خودمختاری کی طرف سفر کی علامت ہے۔

- Advertisement -

وزیر اعظم نے ازبکستان کی ترقی اور چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے اس کی پاکستان کی آزادی اور ترقی کی جدوجہد کے ساتھ مماثلت کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزادی کی یادگار ازبک عوام کے حوصلے اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان اور ازبکستان امن، خوشحالی اور علاقائی روابط کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔ یہ دورہ ہماری مشترکہ اقدار اور روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت کے عزم اعادہ ہے۔

یادگار کے دورے کے دوران وزیر اعظم کو ازبک قوم کی 3000 سالہ تاریخ اور اس کے ہیروز کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں وزیر اعظم کی اعلی ازبک قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی جن میں تجارت، توانائی کے شعبے میں تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں ممالک علاقائی روابط اور اقتصادی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ ازبکستان دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے مابین زراعت، علاقائی روابط، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوں گے جس سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566135

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں