وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مارتنگ ضلع شانگلہ میں تودے میں دب کر جاں بحق ہونے والے 8 بچوں کے اہل خانہ کیلئے فی کس 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان

102

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مارتنگ ضلع شانگلہ میں تودے میں دب کر جاں بحق ہونے والے 8 بچوں کے اہل خانہ کے لئے فی کس 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مارتنگ ضلع شانگلہ میں تودے میں دب کر جاں بحق ہونے والے8 بچوں کے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ہر جاں بحق بچے کے اہل خانہ کے لئے 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ تودہ گرنے سے زخمی ہونے والے شخص کو بھی وزیراعظم کی طرف سے مالی امداد دی جائے گی ۔

وزیراعظم نے مالی امداد کا اعلان اپنے مشیر اور خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام کی درخواست پر کیا ۔ انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو خط لکھ کر مارتنگ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے امداد کی اپیل کی تھی ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انجینئر امیرمقام کو متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے تعزیت کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔