وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

نیویارک۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ملاقات میں وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل کے بروقت دورہ پاکستان کو سراہا۔انہوں نے متاثرہ لوگوں کے لیے بین الاقوامی حمایت اور امداد کو متحرک کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا اور ترقی پذیر ممالک پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ٹھوس بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سیکرٹری جنرل سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کردار ادا کریں گے، ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کیلئے اہم ہے۔

انہو ں نے کہا کہ عالمی کاربن کے اخراج میں انتہائی کم حصہ رکھنے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، سیلاب کی صورتحال میں پاکستان عالمی برادری کی بھرپور حمایت کا مستحق ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی کاربن کے اخراج میں انتہائی کم حصہ رکھنے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

سیکرٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ پاکستان کی بحالی کے لیے بین الاقوامی حمایت کو متحرک کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کی بھرپور حمایت کا مستحق ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 77 گروپ کے حوالے سے، پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف اور ماحولیاتی معاہدوں اور وعدوں پر تیزی سے عمل درآمد کو محفوظ بنانے کے طریقوں پر مشترکہ پوزیشن کے لیے کام کرے گا۔

انہوں نے علاقائی تناظر میں سیکرٹری جنرل اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی طرف سے دی جانے والی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی اور اس امید کا اظہار کیا کہ سیکرٹری جنرل متعلقہ سلامتی کونسل کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کردار ادا کرینگے۔

وزیر اعظم نے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کی اہمیت کا اعادہ کیا اور مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے عالمی برادری کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔