کوئٹہ۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعلئ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پنجرہ پل کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین اور مبارکباد پیش کی ہے ۔
پنجرہ پل کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ کے دوران وزیراعلئ نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا اور صوبے کا دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جسکی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی آمد ورفت بلکہ سامان کی ترسیل اور امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات درپیش ہیں وزیراعلی نے کہا کہ بولان میں سیلابی پانی سے کوئٹہ سبی شاہراہ اور پل متاثر ہونے سے ٹریفک معطل ہوئی اور لوگ سیلاب میں پھنس گئے ۔
وزیراعلئ بلوچستان نے لوگوں کو فوری طور پر ریسکیو کرنے اور پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے پر ایف سی بلوچستان کے فوری ردعمل کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مواصلات کی سہولتوں کی بحالی کیلئے وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی ہمارے لئے باعث حوصلہ ہے اور امید ہے کہ دیگر متاثرہ شاہراہوں کی بھی جلد بحالی کیلئے این ایچ اے اپنا کردار بھرپور طور پر ادا کریگی وزیراعلئ نے کہا کہ جتنی جلد اور مختصر مدت میں این ایچ اے نے پنجرہ پل اور بی بی نانی کو بحال کرکے ٹریفک کی آمد ورفت شروع کی اسکی مثال نہیں ملتی ۔