تہران۔26مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پز شکیان سے ملاقات کیلئے پیر کو سعد آباد محل پہنچ گئے۔ محل آمد پر صدر مسعود پز شکیان نے ان کا بھرپور اور گرمجوش استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی دورہ ایران میں وزیرِ اعظم کے ساتھ وفد میں شامل ہیں۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پز شکیان سے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم جنوبی ایشیا میں امن کوششوں کیلئے ایرانی صدر اور عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم وفد کے ہمراہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کریں گے۔ دوطرفہ امور سمیت اہم علاقائی امور پر بات چیت ہو گی۔ وزیراعظم ایرانی صدر کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں بھی شریک ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601472