وزیراعظم کا سی پیک پر پیشرفت کے بارے میں جائزہ اجلاس سے خطاب

125
APP74-30 ISLAMABAD: November30 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif chairing meeting to review Progress on CPEC at Prime Minister House, Islamabad. APP

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاک۔چین اقتصادی راہداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کا تزویراتی معاشی اقدام ہے جو بالعموم دنیا اور بالخصوص خطہ کیلئے بہت زیادہ کشش کا باعث ہے، سی پیک منصوبہ جات کی تکمیل کیلئے ہماری جاری کاوشیں پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظرنامہ کو یکسر تبدیل کر دیں گی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو وزیراعظم ہاﺅس میں سی پیک پر پیشرفت کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران توانائی، ٹرانسپورٹ، بنیادی ڈھانچہ اور صنعت کے متعدد منصوبہ جات کیلئے مقرر کردہ اہداف اور ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جبکہ گوادر بندرگاہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی و اقتصادی بہتری کے منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے 2013ءمیں اقتدار سنبھالا تو پاکستان کی معیشت ابتری کا شکار تھی، ایسے نازک موقع پر اقتصادی بحالی کیلئے چین نے ہماری معاونت اور مدد کی جس پر پاکستان کے عوام اور حکومت چینی قیادت اور عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی بصیرت انگیز قیادت نے سی پیک کے تصور کو حقیقت کا روپ دینے میں ہماری حمایت کی۔ جولائی 2013ءمیں چین کے اپنے پہلے سرکاری اور تاریخی دورہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یہ دورہ دوطرفہ ایجنڈے میں اقتصادی تعاون اور مواصلاتی روابط کو مرکزی حیثیت دیتے ہوئے باہمی تعلقات کے فروغ میں ایک نئے مرحلہ سے عبارت رہا۔