
اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان یکساں خیالات اور کثیر الجہتی تعاون سے عبارت دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں، موجودہ حکومت جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بات جرمنی کے وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی ڈاکٹر گیرڈ مولر سے جمعرات کو وزیراعظم ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے جرمن وزیر کو بتایا کہ پاکستان کی معیشت میں واضح بہتری آئی ہے جبکہ سکیورٹی کی صورتحال بھی ماضی کے مقابلے میں آج کہیں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ابھرتا ہوا جمہوری تشخص موجودہ حکومت کی طرف سے جمہوری اصولوں اور قانون کے مطابق تمام سیاسی مسائل سے نبرد آزما ہونے سے عیاں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے۔