وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

132
APP79-23 ISLAMABAD: November 23 - Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif chairs cabinet meeting at Prime Minister’s office. APP

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر غور کیا گیااور بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔کابینہ نے عوامی نمائندوں اور عوامی عہدیداران کی تنخواہوں میں اضافہ کی منظوری دی ،وفاقی وزیر کی ماہانہ تنخواہ 2 لاکھ، وزیر مملکت کی ایک لاکھ 80 ہزار،رکن پارلیمنٹ کی ڈیڑھ لاکھ روپے مقرر کی گئی،افغان مہاجرین کو دسمبر 2017ءتک واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، مخصوص ویکسینز کی ہنگامی حالت میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز کو این او سی کے ذریعے خریداری کی اجازت دی گئی،آذربائیجان ، جنوبی افریقہ، بیلارس، ملائیشیا اور مالدیپ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں کی منظوری دی گئی جبکہ پیپرا کے خریداری سے متعلق قواعد کو بدلتے حالات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ترامیم کے سلسلے میں خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، وفاقی وزراءاور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافہ کی منظوری دی ہے۔