وزیراعظم محمد نواز شریف کی سیز فائر خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت

141

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارتی افواج کی جانب سے ورکنگ باﺅنڈری اور لائن آف کنٹرول پر حالیہ بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائرکی خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم کے میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ چپراڑ اور ہرپال سیکٹرز میں ورکنگ باﺅنڈری اور بھمبر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر 25 اور 26 اکتوبر کو بلا اشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں جن کے نتیجہ میں دو شہری شہید اور 9 زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو ان کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے انتہائی ضبط کا مظاہرہ کیا ہے، امن کے لئے ہماری جستجو کا غلط مطلب لے کر اسے کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے، ہم امن پسند قوم ہیں، ہم تمام تصفیہ طلب مسائل اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار خود مختار ریاست کی حیثیت سے ہم جنوبی ایشیاءکے عوام کی اجتماعی بہبود اور خوشحالی کے لئے علاقائی امن اور استحکام کے لئے کوشاں ہیں۔