اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور سکھر تا ملتان موٹروے، کراچی۔حیدرآباد موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبے اور توانائی کے شعبہ میں متعدد ترجیحی پراجیکٹس سندھ کے عوام کیلئے ہماری حکومت کا ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں ٹھٹھہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سیّد ایاز علی شاہ شیرازی کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت گرین لائن ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ، کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی ایکسپریس وے سمیت کراچی کے عوام کیلئے ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر بالخصوص توجہ دے رہی ہے کیونکہ کراچی پاکستان کا اقتصادی مرکز ہے۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ سندھ کے عوام کی سماجی ترقی کیلئے تندہی سے کام کیا جائے کیونکہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹھٹھہ کے دورہ اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب کی دعوت قبول کی۔ وفد میں رکن صوبائی اسمبلی سیّد اعجاز علی شاہ شیرازی، سابق رکن قومی اسمبلی سیّد شفقت شاہ شیرازی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین ٹھٹھہ حاجی حنیف شامل تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=42095