وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قرارداد پر 180ارکان کا اعتماد کا اظہار

349

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا، ایوان زیریں کے 180 ارکان نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے ملک میں پارلیمنٹ کے بارے میں سوال اٹھ رہے ہیں، ہم پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ آئین، جمہوریت اور اعلیٰ عدلیہ کے چار تین کے اکثریتی بنچ کے ساتھ کھڑی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے قرارداد پیش کی کہ پاکستان کی قومی اسمبلی وزیراعظم محمد شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے قرارداد کو رائے شماری کیلئے ایوان میں پیش کیا تو قومی اسمبلی کے 180 ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر وزیراعظم محمد شہباز شریف پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف پر 180 ارکان نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اس طرح یہ قرارداد قومی اسمبلی کی طرف سے منظور ہو چکی ہے۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ سابق وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور زندہ ہوتے تو آج ارکان کی تعداد 181 ہوتی۔واضح رہے کہ وزیراعظم کے عہدے پر برقراررہنے کےلئے 172 اراکین کااعتماد لازم ہے ۔