اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعید الاضحیٰ کے موقع پر بوسنیا اور ہرزیگووینا کے رکن ایوان صدر ڈاکٹر ڈینس بیسرویک سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے انہیں اور بوسنیا اور ہرزیگووینا کے عوام کو دلی عید کی مبارکباد دی اور ان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔پیرکووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بوسنیا کے رہنما نے بھی وزیراعظم کوعید کی مبارکباد دی اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔
اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ساتھ اپنے گہرے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت، ثقافت اور عوام کے درمیان تبادلے کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران پاکستان کی حمایت پر بوسنیا کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر بیسرویک کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر ڈینس بیسرویک نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کو بھی بوسنیا اور ہرزیگووینا کے دورے کی دعوت دی۔