وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

88

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالا نہیں ہے، موجودہ حکومت قانون کی عملداری پر مکمل یقین رکھتی ہے، ایسسٹس ریکوری یونٹ کی جانب سے تصدیق کے بعد شکایت وزارت قانون کو بھجوائی گئی، وزارت قانون نے دوبارہ تصدیق کے بعد سمری کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق صدر مملکت کو بھجوائی ہے،ور اس معاملہ میں بھی قانون کی عملداری کو پوری طرح ملحوظ خاطر رکھا جائے گا وفاقی کابینہ نے اس معاملہ پر اپوزیشن اور بار کونسلز کی سیاست چمکانے کے عمل کی مذمت کی، عدلیہ کی شکایت عدلیہ ہی سن رہی ہے اس میں عدلیہ پر حملہ کہاں سے آ گیا، وفاقی کابینہ نے 2511 چائنیز کے ویزوں کی مدت میں ایک سال کی توسیع، جامع بنوریہ کے غیر ملکی طالب علموں کے اوور سٹے پر عائد جرمانہ معاف کرنے، کیش مینجمنٹ اینڈ ٹریژری سنگل اکاﺅنٹ پالیسی 2019ئ، راجہ جواد عباس کو انسداد دہشت گردی اسلام آباد کا جج، عتیق احمد کو سیکرٹری فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن تعینات کرنے کی منظوری دےدی ہے۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب بالخصوص او آئی سی میں خطاب کے دوران کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کا معاملہ اٹھانے اور پسے ہوئے طبقات کو آگے بڑھانے کے عزم پر خراج تحسین پیش کیا۔ ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر قانون کی جانب سے کابینہ کو اعلیٰ عدلیہ کے دو معزز ججز کے بارے میں ریفرنس کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ کابینہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت قانون کی عملداری پرمکمل یقین رکھتی ہے اور اس معاملے میں بھی قانون کی عملداری کو پوری طرح ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔