وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی صحافیوں سے گفتگو

73

اسلام آباد ۔ 19 جون (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اداروں کی بالادستی ،آئین کی حکمرانی اور اداروں کو بااختیار بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی،گیدڑ بھبکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے، بجٹ نہیں رکے گا، اسے عوامی نمائندے پاس کرینگے، پرامید ہوں کہ اپوزیشن عوام سے اپنا ناطہ نہیں توڑے گی، غنڈہ گردی سے نہیں آئینی اور پارلیمانی طریقے سے اپوزیشن ترامیم لائے حکومت انھیں منظور کرائے گی۔ وہ بدھ کو پی آئی ڈی میں صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ حقیقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بہت سے تجربے کئے ہیں ،اس تجربہ گاہ میں دونوں خاندانوں کو مسترد کر کے عوام نے تیسرے آپشن میں عمران خان کا انتخاب کیا اور مینڈیٹ دیا کہ وہ احتساب کریں اور چوروں ،لٹیروں سے حساب لیں ۔