لاہور ۔19فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی ولیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی ) لاہور میں غریب مریضوں کے علاج کے لئے خصوصی فنڈ قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسٹیٹیوٹ میں غریب عوام کے مفت علاج کے نظام کی تجدید نو پر خصوصی توجہ دینے چاہیے اور اور اس ضمن میں 50 فیصد مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج ہونا چاہیے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ اے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں غریب عوام کے لیے جدید اورمفت علاج کی سہولیات سے متعلق جائزہ اجلاس اتوار کو لاہور میں منعقد ہوا ۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پی کے ایل آئی کی طرف سے قائم کردہ ہیپاٹائٹس پروینشن اینڈ ٹریٹمنٹ پروگرام کوفوری طور پر دوبارہ پی کے ایل آئی کی زیر نگرانی لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں غریب عوام کے مفت علاج کے نظام کی تجدید نو پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور اور اس ضمن میں 50 فیصد مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج ہونا چاہیے۔
انہوں نے غریب مریضوں کے علاج کے لئے خصوصی فنڈ قائم کرنے کی ہدایت کی اور اس میں پی کے ایل آئی فوری طور پر مخصوص رقم مختص کرنےکی ضرورت پر بھی زور دیا۔اجلاس میں وزیراعظم کو پی کے ایل آئی کے نئے مقرر کردہ بورڈ آف گورنرز اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر سعید اختر کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی کے ایل آئی میں پیچیدہ سرجری کی استعداد کار کو بھرپور طریقے سے بڑھانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ اور فی الوقت 41 فیصد مریضوں کا مکمل طور پر مفت علاج کیا جا رہا ہے۔ پی کے ایل آئی میں کی جانے والے علاج کا کامیابی کا تناسب 95 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔
اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب احمد جاوید قاضی، پی کے ایل آئی کے بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر سعید اختر، مجیب الرحمن شامی اور دیگر بورڈ ممبران، اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔