وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی سے گفتگو

135

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں بھرپور لابی کی اور نہ صرف مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا بلکہ اس کے بارے میں تجاویز بھی دیں، جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے علاوہ کئی اہم ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں مسئلہ کشمیر کے تذکرے کے ساتھ ساتھ بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات کی گئی جس پر ان ممالک کے سربراہان نے انتہائی افسوس کا اظہار بھی کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی برادری کو یہ باور کرایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ بے پناہ قربانیاں دی ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان میں اندر اور باہر سے دخل اندازی ہو رہی ہے جسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے، ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں اور اقوام عالم کو یہ بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے اور دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے اس کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ خطے میں اس وقت تک امن ممکن نہیں جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کرلیا جاتا