وزیراعظم کے مشیر انجنیئر امیر مقام کا بیان

158

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر انجنیئر امیر مقام نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) 2018ءکے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ منتخب حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوام دوست پالیسیاں مرتب کیں اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اس بناءپر آئندہ عام انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک تیزی سے ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، موٹرویز اور ہائی ویز کی تعمیر کا کام ملک بھر میں تیزی سے جاری ہے، عوام میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 7 اگست کو پشاور میں مختصر نوٹس پر مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں عوام نے بھاری اکثریت سے شرکت کی اور ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں محاذ آرائی کی سیاست اور عوام کے مسائل کی وجہ سے لوگ اکتاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ثابت ہو گا، خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے حالیہ ضمنی الیکشن کے نتائج سے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر حلقے کے عوام کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔