وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی ”اے پی پی“ سے بات چیت

120

اسلام آباد ۔ 10 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت حاصل ہونے کے بعد پاکستان اب جلد بڑے پیمانے پر تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔ قزاخستان کے دارلحکومت آستانہ سے وطن واپسی کے بعد اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہ اجلاس کو اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا ہے کہ یہ پاکستان کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان2005 سے بطور مبصر رکن شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاسوں میں شرکت کرتا آرہا ہے ۔دنیا بھر میں سیاسی منظر نامہ کے اعتبار سے پاکستان کو مکمل رکن کی حیثیت اہم وقت میں حاصل ہوئی ہے۔سرتاج عزیز نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان تنظیم کا مکمل رکن بننے کے بعد اب تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات سے استفادہ کرے گا کیونکہ کثیر الملکی تعاون میں زمینی راوبط اور مواقع ہیں اور جلد تجارتی سرگرمیوں کو وسعت ملے گی۔