اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) ملک بھر میں 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبائی سطح پر اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ اس تناظر میں جمعہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان خصوصی عثمان ڈار نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سندھ میں بھی ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود صوبے میں ٹائیگر فورس ڈے منایا جائے گا۔ سندھ میں ٹائیگر فورس کی قیادت گورنر سندھ عمران اسماعیل کریں گے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ قومی مفاد کے معاملہ میں سندھ حکومت کا عدم تعاون افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی تھی کہ معاملہ کو سیاست کی نذر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کی سب سے زیادہ ضرورت اس وقت سندھ کے علاقوں میں ہے، ذاتی انا اور ہٹ دھرمی کی بجائے پاکستان اور آنے والی نسلوں کا سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹائیگر فورس رضا کاروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق کلین گرین پاکستان کی سب سے بڑی مہم شروع کریں گے۔ گورنر سندھ نے قومی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان رضا کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے، خود ٹائیگر فورس کے ساتھ شجر کاری مہم میں حصہ لوں گا۔