وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا پولی کلینک ہسپتال کا دورہ، اصلاحات کے ذریعے ہسپتال میں بہتری لانے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

140

اسلام آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پولی کلینک ہسپتال میں مریضوں کے رش کو کم کرنے اور اصلاحات کے ذریعے ہسپتال میں بہتری لانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی،کمیٹی ہفتہ وار بنیادں پر فیصلے کرکے عملدرآمد کو یقینی بنائے گی تاکہ جلد از جلد ہسپتال میں بہتری کو یقینی بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پولی کلینک ہسپتال کے دورہ کے موقع پر گفتکو کرتے ہوئے کیا۔دورہ کے موقع پرپولی کلینک ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد حنیف نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کوہسپتال کو درپیش چیلنجز اور ترقیاتی کاموں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں انہوںنے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا دورہ کیا،جہاں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجے کے بارے میں بھی سوالات بھی کئے۔اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ آج میں ایک اعلانیہ دورے پر پولی کلینک آیاہوں، ان دوروں کا مقصد وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت اسلام آباد کے شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور صحت کے شعبہ میں بہتری لانا ہے۔ ان کے کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن اور ہدایت کے مطابق پمزہسپتال میں اصلاحاتی کام کا آغاز کردیا ہے، اب ہم نے پولی کلینک میں بھی بہتری کیلئے کام کا آغاز کرنا ہے اور آج کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عنقریب صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے اصلاحات کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج دورے کے موقع پر ہسپتال کے سینئر ڈاکٹروں سے میری ملاقات ہوئی ہے،اگر چہ پولی کلینک میں پروفیشنل ڈیوٹی دینے کے حالات بہت اچھے نہیں اس کے باوجود ڈاکٹر پولی کلینک میں بڑی محنت سے کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یہ ہسپتال 1966 ء میں 8 بیڈ کا بنا تھا اور آج یہ تقریباً ساڑھے پانچ سو بیڈ کا ہسپتال بن چکا ہے اس کا انفراسٹرکچر اب تک وہی ہے۔ ہسپتال میں 7 سے 8 ہزار لوگ علاج معالجے کے لیے آتے ہیں، مریضوں کا لوڈ زیادہ ہے اور جگہ تنگ ہونے کی وجہ سے بہت رش ہے ۔ یہاں بے شمار مسائل میں نے دیکھے ہیں۔ میں کوئی تنقید نہیں کر رہا ، میں یہ ضروری سمجھتا ہوں کہ یہاں کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز سے مل کر ہم ان مسائل اور مشکلات کو دور کریں گے اور ہسپتال میں علاج ومعالج کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں پولی کلینک ہسپتال اور اس کے زیر انتظام ڈسپنسریوں اور بنیادی مراکز صحت کے مابین ایسا نیٹ ورک تشکیل دیں یں جس میں ریفرل سسٹم ہو۔ ڈاکٹر ظفر مراز کا کہنا تھا کہ آج اس ضمن میں کچھ اہم فیصلے کرلئے ہیں جس میں ہسپتال کے اندر اصلاحات کے ذریعے بہتری لانے کیلئے ابتدائی طور پر ایک کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں جو ہفتہ وار فیصلے کرے گی اور ان فیصلوں پر عمل درآمدکروائے گی۔ کچھ فیصلے آنے والے دنوں میں ہنگامی بنیادوں پر ہوں گے اور انشااللہ چند مہینوں میں ایک فعال ہیلتھ سسٹم بنا لیں گے