وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی کی نجی ٹی وی سے گفتگو

63

اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے رہنما قومی اسمبلی میں شور شرابہ کرکے احتساب سے فرار ہونےکی کوشش کر رہے ہیں۔ ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما پارلیمنٹ میں عوامی مسائل پر بات کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں ہیںاور حکومت پر بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات روکنے کیلئے دباو ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے رہنما پارلیمان میں ناپسندیدہ زبان استعمال کرکے احتساب سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم پی ٹی آئی کی حکومت اس طرح کے حربوں کو شکار نہیں ہوگی اور کرپشن کے مقدمات کو اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک لوٹنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے گی اور کسی کو فرار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ افتخار درانی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کی بہتری کیلئے قانون سازی کے عمل میں حکومت کی حمایت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے‘ آنے والے چند مہینوں میں ملک میں ہر شعبے میں انقلابی ترقی کے علاوہ غیرملکی سرمایہ کاری ہوگی جس سے قومی معیشت کو فروغ ملے گا۔ افتخار درانی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت دیگر سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نیب قانون میں ترمیم کیلئے تیار ہے تاکہ اس ادارے کو اور طاقتور بنایا جا سکے تاکہ کرپشن کی لعنت سے موثر طریقے سے نمٹ سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے علاوہ کسی دوسری جماعت یا اس کے ایک بھی رہنما نے اپنی جائیدادوں کی تفصیل نہیں دی ہے۔