وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کا میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اجلاس سے خطاب

70

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد دراصل عوامی نمائندگی کا حقیقی فورم ہے، لوکل گورنمنٹ کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی اور نہ ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں، ماضی میں لوکل گورنمنٹ کا نظام آمریت کے زیر سایہ رہا اوراس کے بعد ختم ہو جاتا رہا ہے، موجودہ حکومت اس بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پر عزم ہے، اسلام آباد کیلئے ایک اچھا لوکل گورنمنٹ کا نظام بنائیں گے، 58 سال بعد پہلی مرتبہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کی جا رہی ہے اور آئندہ تین سے چھ ماہ کے دوران اسلام آباد کا ماسٹر پلان ریوائز کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے رکن قومی اسمبیلی منتخب ہونے کے بعد ایم سی آئی کی خصوصی دعوت پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 29 ویں اجلاس میں شرکت کے دوران ایم سی آئی کے نمائندوں سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی زیر صدارت اجلاس جمعرات کو پاک۔چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں منعقد ہوا۔