وزیراعظم یوتھ و بزنس لون سکیم کے تحت اب تک 87ہزارنوجوانوں کو قرضے آسان شرائط پر فراہم کئے گئے ہیں

433
وزیراعظم یوتھ و بزنس لون سکیم کے تحت اب تک 87ہزارنوجوانوں کو قرضے آسان شرائط پر فراہم کئے گئے ہیں

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ و بزنس لون سکیم کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کیلئے براہ راست ملازمتیں پیدا کرنے اور ان میں انٹرپرینیور شپ کے فروغ کیلئے اب تک 87ہزارنوجوانوں کو89ارب روپے کے قرضے آسان شرائط پر فراہم کئے گئے ہیں ۔’’اے پی پی ‘‘کو دستیاب دستاویزات کے مطابق وزیراعظم یوتھ و بزنس لون سکیم کے تحت خدمات کے شعبے کےلئے 4.1فیصد ، زرعی شعبہ کیلئے 4.7فیصد اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ کےلئے 4.1فیصد قرض فراہم کیا گیا ہے۔نوجوانوں نے آسان شرائط پر قرضہ اپنا نیا کاروبار شروع کرنے اور پہلے سے جاری کاروبار کو توسیع دینے کےلئے حاصل کیا ہے۔بڑے پیمانے پر نوجوان طبقے کو فعال کرنے کے لیے وزیراعظم کی جانب سے پی ایم یوتھ بزنس اور ایگری لون سکیم بھی شروع کی گئی جس کے ذریعے نوجوانوں کو مختلف کاروبار اور زراعت کے اقدامات کے ذریعے اپنی روزی روٹی کمانے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد 15 کمرشل، اسلامی اور ایس ایم ای بینکوں کے ذریعے آسان شرائط پر اور کم شرح سود پر کاروباری قرضوں کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا ہے۔

تمام پاکستانی شہری جن کی عمریں 21 سے 45 سال کے درمیان ہیں، کاروباری صلاحیت کے حامل افراد قرض کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔ سکیم کے تحت فراہم کردہ قرضوں کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 21 اور 45 سال کی عمر کے لوگ ان سکیموں کے تحت 75 لاکھ روپے تک کے قرض کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ آئی ٹی اور ای کامرس کے کاروبار کے لیے، کم عمر کی حد 18 سال ہے۔ چھوٹے کاروباری قرضوں کے ذریعے مائیکرو فنانسنگ ملک کے نوجوانوں میں ملازمت کی تلاش کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے عمل کو فروغ دے گی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرکے انہیں کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برسرروزگار بنانے کےلئے کوشاں ہے، حکومت نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کےلئے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم سمیت دیگر اقدامات کئے ہیں جن کے باعث وہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں