اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام اور زلمی فائونڈیشن نے پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اسٹرٹیجک شراکت داری کا آغاز کیا ہے۔ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کی تاریخی تقریب میں چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں، رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول، پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی، وزارت منصوبہ بندی کی ڈائریکٹر مدیحہ اسلم اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی۔
منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری کردہ بیان کے مطابق دستخط کی تقریب میں زلمی فاؤنڈیشن کی نمائندگی میاں عباس لائق (چیف آپریٹنگ آفیسر)، ارسلان ذوالفقار (ہیڈ آف آپریشنز / ایچ آر) اور عتیب علی (منیجر پارٹنرشپس، آؤٹ ریچ، ایکٹیویشنز) نے کی۔یہ شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات کے شعبوں میں مدد فراہم کرنا ہے، جو کہ دونوں تنظیموں کے مشترکہ اہداف کے عین مطابق ہے۔
اس شراکت داری کا اہم جزو "ڈیجیٹل یوتھ ہب ہے، جو ایک جدید پلیٹ فارم ہوگا، جس کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیمی وسائل، ملازمت کے مواقع، رضاکارانہ خدمات اور کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ پرائم منسٹرز ڈیجیٹل یوتھ ہب کے تحت یہ شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل وسائل تک رسائی فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی مہارتوں میں نکھار لا سکیں ، انٹرن شپ حاصل کریں اور اپنے کیریئرز کو درست سمت کی جانب گامزن کر سکیں۔ اس کے علاوہ کئی اہم منصوبوں جیسے مدرسہ کرکٹ لیگ، کھیلوں کے فروغ، گرین یوتھ موومنٹ ، یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر اور نیشنل والنٹیئر کور جیسے اقدامات بھی اس تعاون کا حصہ ہوں گے۔
مزید برآں، زلمی فاؤنڈیشن ڈیجیٹل یوتھ ہب کو مختلف مواقع جیسے کہ اسکالرشپس، کھیلوں کی سرگرمیاں، ہنر کی ترقی کے ورکشاپس، انٹرن شپس اور نوکریوں کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کرے گی ۔ یہ تعاون اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک جامع، متحرک اور وسائل سے بھرپور پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔
پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں نوجوانوں کو کامیابی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور زلمی فاؤنڈیشن کے ساتھ یہ شراکت داری اس عزم کو مزید مستحکم کرے گی تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن اور کامیاب مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571141