وزیراعظم یوتھ پروگرام سیاست سے پاک اور شفافیت پر مبنی ہے، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ

195

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام سیاست سے پاک اور شفافیت پر مبنی ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ، رواں سال کو نوجوانوں کا سال قرار دینے کے حوالہ سے اقدامات، اہل اور مستحق نوجوانوں کو مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم یوتھ لون اینڈ ایگری کلچر لون پروگرام کے تحت کامیاب درخواست گزاروں میں ایک ارب روپے تقسیم کئے گئے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 10 ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام 2013میں وزیراعظم نواز شریف نے شروع کیا تھا جبکہ مریم نواز اس کی پہلی چیئرپرسن تھیں۔مسلم لیگ (ن) نے نوجوانوں کو بااختیاربنانے کے لئے یہ پروگرام شروع کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اجراء کو 10 سال مکمل ہوئے ہیں۔اس تناظر میں 2023کو نوجوانوں کا سال قرار دیا گیا ہے۔دولت مشترکہ نے بھی رواں سال کو نوجوانوں کا سال قرار دیا ہے۔ دولت مشترکہ کے رکن ممالک میں اس تناظر میں ایک ہفتہ ویک آف یوتھ کے طور پر منایا جائے گا لیکن پاکستان نے اس ویک آف یوتھ کو سب سے پہلے منایا کیونکہ پاکستان دولت مشترکہ کے وزراء کی کونسل کا چیئرپرسن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویک آف یوتھ میں نوجوان کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دے دیئے گئے تھے، ویک آف یوتھ کے مستقبل کے معمار کے عنوان سے نوجوان اسٹارٹ اپس میں مقابلوں، وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت فٹ بال،والی بالز کے ٹرائلزکا آغاز ہوا۔ وزیراعظم یوتھ لون اینڈ ایگری کلچر لون پروگرام 24 جنوری کو شروع کیا گیا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 23 فروری کو کامیاب درخواست گزاروں میں چیکس تقسیم کئے۔اس عرصہ کے دوران کامیاب درخواست گزاروں میں ایک ارب روپے تقسیم کئے گئے۔ متحدہ عرب امارات کے تعاون سے 10کلومیٹر کی میراتھن ریس منعقد کی گئی۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روایتی روایتی اور غیر روایتی مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت 10 ہزار نوجوانوں کو ہنر کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں جہاں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور جدید آئیڈیاز کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے، نیشنل انوویشن ایوارڈز شروع کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سے استفادہ کیلئے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کی فلاح کیلئے مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں، یوتھ پروگرام کی موبائل ایپلی کیشن کا اجراء کیا گیا ہے جس کے ذریعے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فراہم کی گئی تمام سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے بزنس اینڈ ایگریکلچر لون کیلئے درخواست دی جا سکتی ہے۔