وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس، گندم کی امدادی قیمت 3900 روپےفی من مقرر

وزیر اعلی مریم نواز کا منڈی بہاالدین میں کشتی الٹنے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں صوبائی کابینہ کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سال24-2023کے لئے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے پنجاب میں سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ قائم کرنے کی منظوری بھی دی جس کے تحت ریپ اور بچوں پر ظلم وزیادتی کی مقدمات کا تیز ترین ٹرائل کرکے منطقی انجام تک پہنچا یا جائے گا۔

اجلاس میں ہتک عزت کے قانون میں ترمیم اور سپیشل کورٹ قائم کرنے پر بریفنگ دی گئی جسے منظوری کے لئے جلد پنجاب اسمبلی پیش کیا جائیگا۔

ہتک عزت کیس میں 90دن میں ڈگری اور 180 دن میں ٹرائل ختم کرنا ہوگا۔ہتک عزت نوٹس بڑے اخبارات، سوشل میڈیا، کوریئر کے ذریعے دیا جاسکے گا۔ کابینہ نے گندم کی کم ازکم امدادی قیمت مقرر کردی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ جھوٹ بولنے اور جھوٹے الزامات کے کلچر کو بدلنا ہوگا۔

چھوٹے کاشتکار کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا میرا عزم ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے لئے ڈیڑھ لاکھ بلاسود قرضے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین اور تاریخی کسان کارڈ دے رہے ہیں۔

اجلاس میں گندم خریداری پالیسی-25 2024 اورکابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کی تشکیل کی توثیق والٹر نیٹ ڈس پیوٹ ریزرو لیشن ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں چیئرمین ڈرگ کورٹ گوجرانوالہ کو مس کنڈکٹ کی شکایت پر ہٹانے کی منظوری بھی دی گئی۔صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔