وزیراعلی محسن نقوی کاپنجاب میں یوریاکھاد کی دستیابی کیلئے وزیراعظم انوارلحق کاکڑ سے رابطے کا فیصلہ

Chief Minister Mohsin Naqvi
Chief Minister Mohsin Naqvi

لاہور۔9دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب میں یوریا کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگران وزیراعلی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،گندم کی کاشت اوریوریاکی دستیابی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں بتایا گیا کہ گندم کی فی من پیداوار کا ہدف یوریا کی کمی سے متاثر ہو سکتا ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے خصوصی اجلاس میں کمشنرز کوایپ پر متعلقہ اضلاع میں کھاد کی نقل وحمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں یوریاکھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے تمام ترانتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں کھاد بنانے والی کمپنیوں اور ڈیلرز سے بھی رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،کھاد ساز کمپنیوں اور ڈیلرزکااجلاس طلب کر لیا گیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری زراعت نادر چٹھہ نے بتایا کہ پنجاب میں ایک کروڑ60لاکھ ایکڑاراضی پر گندم کی بوائی کا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے۔ہدف سے زیادہ 6لاکھ ایکڑ اراضی پرمزید بوائی ہو گی۔انشا اللہ پنجاب بھر میں گندم کی پیداوار 30سے 34من فی ایکڑ متوقع ہے۔

بروقت گندم کی بوائی اور ڈی اے پی کے استعمال میں 52فیصد اضافے سے بہتر پیداوار متوقع ہے۔پنجاب میں تصدیق شدہ بیج کے استعمال میں 20فیصد اضافہ ہواہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹریز،زراعت،آبپاشی،خوراک،اطلاعات،کمشنرلاہور اور محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر اورتمام ڈویژنل کمشنرزویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔