وزیراعلی محسن نقوی کا بیجنگ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،سیف سٹی کیمروں،پولیسنگ اور روڈ انفراسٹرکچر کا معائنہ

128
Mohsin Naqvi

لاہور۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی محسن نقوی کا دورہ چین دوطرفہ تعلقات خصوصا ًزراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے انتہائی سودمند رہا اورمحسن نقوی ان چائنہ ٹویٹر کا ٹاپ ٹرینڈ رہا۔دورے کو چین کے ذرائع ابلاغ نے خصوصی اہمیت اور نمایاں کوریج دی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے 18 سے زائد ممالک کے ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم کا افتتاح کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں محسن نقوی پہلے وزیراعلی ہیں جنہوں نے اس فورم کا افتتاح کیا ۔

وزیراعلی محسن نقوی نے ننشیا فرینڈ شپ سٹیز فورم سے کلیدی خطاب کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے روشن مستقبل کے لئے خطے میں امن اور خوشحالی پر زور دیا۔وزیراعلی نے اپنے خطاب میں پاک چین تعلقات کوامن کے لئے ناگزیر قرار دیا۔وزیراعلی محسن نقوی کی کاوشوں سے ساہیوال اور بہاولپور کو چینی شہروں کے ساتھ سسٹر سٹی قرار دینے کے معاہدوں کی دستاویزات پر دستخط ہوئے۔

ساہیوال اورووژونگ، بہاولپوراور زونگ وئی تمام شعبوں میں اشتراک کارکریں گے۔سسٹر سٹیز معیشت اور تجارت، سائنس اور ٹیکنالوجی میں معاونت کریں گے۔سسٹرسٹی تعلیم، زراعت، ہیلتھ، ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لئے تعاون کریں گے۔سسٹرسٹی کے سرکردہ حکام اور متعلقہ محکمے باہمی وفود اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ کریں گے۔وزیراعلی محسن نقوی نے ننشیا جنرل ہسپتال اور میڈیکل یونیورسٹی کے دورے بھی کئے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے بیجنگ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،سیف سٹی کیمروں،پولیسنگ اور روڈ انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا-وزیراعلی محسن نقوی کی ین چوان میں کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری لیانگ یا شونگ سے اہم ملاقات ہوئی جبکہ دو وائس گورنر ز نے ان کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کیا ۔ین چوان میں 6ویں چین عرب ایکسپو میں پنجاب کے وزارتی وفد نے شرکت کی۔

صوبائی وزرا ایس ایم تنویر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل بھی ہمراہ تھے ۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ چین کی حکومت اور سرکاری حکام نے بہت پذیرائی دی، ننشیا کے کمیونسٹ پارٹی سیکرٹری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتاہوں۔ننشیا کے پارٹی سیکرٹری کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی اور انہوں نے پہلی ہی فرصت میں پنجاب آنے کی دعوت قبول کی۔