لاہور۔30جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کئے گئے صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔
حلقہ پی پی 153کی یوسی 148میں صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کہی ۔تقریب میں سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بابر دین،ڈپٹی سی ای او ذوالقرنین،یو سی چیئرمین میاں عرفان،آغاعلی رضا،وائس چیئرمین حافظ علیم مغل،رفعت،اخلاق شاہ اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر ایل ڈبلیوایم سی کے عملہ کے درمیان ماڈل رکشوں کی تقسیم بھی کی اور صاف ستھرا پنجاب مہم کی قیادت بھی کی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حلقہ پی پی 153کی یوسی 148میں صاف ستھراپنجاب پراجیکٹ کے تحت مہم کا باقاعدہ اور زبردست آغازکردیا گیاہے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کئے گئے صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کو صوبہ بھرکی تمام یونین کونسلزکی سطح تک پھیلایاگیاہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور اس کو صاف ستھرارکھنے کی بھی ذمہ داری ہماری ہے۔ اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قراردیاہے۔آج گھرگھرجاکر صفائی ستھرائی کا پیغام پہنچارہے ہیں۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حلقہ پی پی153میں سیوریج،پینے کے صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروا رہے ہیں۔
تاج پورہ،ہربنس پورہ اور بٹ چوک کے علاقہ مکینوں کیلئے بھی آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔عوام کے تعاون کے بغیر صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے محکمہ صحت اور محکمہ ایمرجنسی سروسزپنجاب کا قلمدان سونپا ہے۔محکمہ داخلہ اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی سب کمیٹیوں میں بطور چیئرمین فرائض سرانجام دے رہا ہوں۔مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اقتدار میں آکرہمیشہ عوام کی فلا ح و بہبودکیلئے کام کیا ہے۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے صوبائی وزیر محکمہ بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل کی کاوشوں کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553869