وزیراعلی پنجاب کا رپورٹرز، فوٹو گرافرز اور کیمرہ مینوں کو رہائشی پلاٹس دینے کااعلان،نیوز روم میں کام کرنے والے صحافیوں کے لئے 15فیصد کوٹہ رکھا جائے گا

Mohsin Naqvi

لاہور۔21جنوری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے رپورٹرز، فوٹو گرافرز اور کیمرہ مینوں کو رہائشی پلاٹس دینے کااعلان کیا ہے جبکہ نیوز روم میں کام کرنے والے صحافیوں کے لئے رہائشی سکیم میں 15فیصد کوٹہ رکھنے کا بھی اعلان کیاہے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے وزیراعلی آفس میں صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار رپورٹرز، فوٹو گرافرز، کیمرہ مین اور نیوز روم کے صحافیوں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 3300رہائشی پلاٹس دیئے جائیں گے۔رپورٹرز کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 7 مرلے جبکہ کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز کو3 مرلے کاپلاٹ دیا جائے گا۔پلاٹ کے حصول کیلئے اہلیت کا اشتہار کل 22جنوری کو اخبارات میں دیاجائے گا۔راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی صحافی برادری کو پلاٹ کے حصول کیلئے طریقہ کار سے آگاہ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کا تقریبا ًسال ہو چکا ہے،جس شہر کا دورہ کرتا ہوں صحافی بھائیوں کا ایک ہی مطالبہ ہوتاہے کہ ہمارے لئے کچھ کریں،آج ہم نے صحافی بھائیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ادراک ہے کہ صحافیوں کی اکثریت سفید پوش ہے، مشکل سے گزارا کرتے ہیں،صحافیوں کی رہائش ایک بڑا مسئلہ ہے۔لاہور سمیت پنجاب بھر کے صحافیوں کے لئے رہائش ایک بنیادی ضرورت ہے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہاکہ طویل مشاورت کے بعد صحافیوں کی رہائش کے منصوبے کو حتمی شکل دی ہے۔کوشش تھی کہ اچھی جگہ ہواو رلانگ ٹرم پلاننگ ہو۔ پرنٹ او رالیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرز، فوٹو گرافرز،کیمرہ مین اور نیوز روم کے صحافیوں کے لئے رہائشی سکیم لانچ کی ہے۔

صحافی برادری کی رہائش کے مسائل کے حل کیلئے روڈا کے اچھے فیز میں 200ایکڑ زمین مختص کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رپورٹرز کے لئے 7مرلے کے 2300پلاٹس رکھے گئے ہیں جبکہ فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کے لئے 3مرلے کے 1000پلاٹس رکھے گئے ہیں جہاں وہ درخواست دے سکیں گے جبکہ نیوز روم کے صحافیوں کے لئے 15فیصد کوٹہ مقرر کیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کیلئے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بہت اچھی جگہ مختص کی ہے۔ پلاٹ کے حصول کیلئے اہلیت کا معیار سہل ہے،زیادہ تر صحافی بھائی قرعہ اندازی کیلئے کوالیفائی کر جائیں گے۔وزیر اطلاعات عامرمیر اور وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر نے صحافی بھائیوں کی فلاح کیلئے کافی محنت کی ہے۔پلاٹ کی اہلیت کا معیار جلد اشتہارات کے ذریعے بتا دیا جائے گا،صحافی 28جنوری تک اپلائی کر سکیں گے،8فروری سے قبل قرعہ اندازی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی صحافی برادری کو پلاٹس کے حصول کیلئے مکمل بریفنگ دے گی۔مقصد صرف یہی ہے کہ صحافی جس بھی گروپ یا اخبار سے ہو، اسے میرٹ پر پلاٹ ملے۔راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوالیفائی کرنے والے صحافیوں کو آگاہ کرے گی او رپورا پلان دے گی۔

کوشش ہے کہ 8فروری سے پہلے قرعہ اندازی کرکے جائیں تاکہ پلاٹ کے حصول کا پراسیس مکمل ہو۔کوشش تھی کہ 10مرلے کا پلاٹ دیں لیکن صحافیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے،اس سکیم سے کم ازکم ہر صحافی اپنا گھر تو بنا سکے گا۔کوشش ہے کہ بنک آف پنجاب صحافی برادری کو گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم کو صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے پر شاباش دیتا ہوں،خصوصا وزیراطلاعات عامر میر او ران کی ٹیم نے بہت کام کیاہے۔

لاہورسمیت پنجاب بھر کے صحافیوں کو میرٹ پر قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹس ملیں گے۔انہوں نے کہاکہ جن صحافیوں کو پہلے پلاٹس مل چکے ہیں ان کو پلاٹ نہیں دئیے جائیں گے،فی الحال رپورٹرز،کیمرہ مین، فوٹو گرافرز او رنیوز روم کے صحافیوں کو پلاٹ ملیں گے۔صحافی برادری کے لئے کچھ کرنا میرا فرض ہے۔

میرا خیال ہے کہ زیادہ تر صحافی ایڈجسٹ ہوجائیں گے۔میرے لئے صرف لاہور پریس کلب کے نہیں بلکہ پنجاب کے تمام صحافی اہم اور برابر ہیں۔میں اس عہدے پر جب نہ ہوا تب بھی صحافی برادری کے حقو ق کیلئے لڑوں گا۔صحافی برادری نے وزیراعلی محسن نقوی کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو بھی پلاٹس ملیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے اس ضمن میں ملاقات کی۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا رہائشی سکیم میں کوٹہ رکھنے کی درخواست کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے رہائشی سکیم میں نیوز روم کے لئے 15 فیصد کوٹہ رکھنے کا اعلان کیا۔صوبائی وزرا عامرمیر،اظفر علی ناصر،سیکرٹریز ہاؤسنگ،اطلاعات،سی ای او روڈا،ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔