اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):جمہوریہ ازبکستان کے صدرشوکت مرزایوف نے ازبکستان اورپاکستان کے درمیان شاہراہوں پر آمدورفت کو ترقی دینے، وسطی اور جنوبی ایشیا کو افغانستان سے ملانے اور پاکستان کی بندرگاہوں تک جانے والے ریلوے لائن کی تعمیر کے منصوبے کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
انہوں نے یہ زور جمعرات کویہاں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستانی وفد سے ملاقات میں دیا۔ شوکت مرزایوف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈاراوران کے وفد کاپرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں منصوبوں پر عملدرآمد کے عملی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخزانہ نے ملاقات کا موقع ملنے پر ازبکستان کے صدرکا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے انہیں نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اجلاس میں ٹرانزٹ اور ترجیحی تجارت کے حوالے سے اہم معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔ ملاقات میں معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون کے مخصوص منصوبوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو بین الحکومتی مذاکرات کے ایجنڈے کے حصے کے طور پر شامل کرنے سے اتفاق کیاگیا۔ ازبک صدر نے ازبکستان اورپاکستان کے درمیان شاہراہوں پر آمدورفت کو ترقی دینے، وسطی اور جنوبی ایشیا کو افغانستان سے ملانے اور پاکستان کی بندرگاہوں تک جانے والے ریلوے لائن کی تعمیر کے منصوبے کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔