وزیرِاعظم عمران خان سے ایکسپو 2020ءتھیم کمیٹی کے اراکین کی گورنر ہاﺅس کراچی میں ملاقات

116

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان سے ایکسپو 2020ءتھیم کمیٹی کے اراکین نے گورنر ہاﺅس کراچی میں ملاقات کی۔ ایکسپو 2020ءدبئی میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں 190 کے قریب ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی صالح فاروقی، ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیّد رفیع بشیر شاہ و تھیم کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔ اجلاس میں وزیرِاعظم کو ایکسپو 2020ءکے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں اور اس ضمن میں مختلف شعبوں کے درمیان روابط و کوآرڈینیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں اور صلاحیتیوں سے نوازا ہے، معیشت کے روایتی و غیر روایتی شعبوں میں پاکستانی مصنوعات کے علاوہ ملک میں سیاحت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے جس کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی صلاحیتوں اور مختلف شعبوں میں مہارت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپو 2020ءپاکستانی مصنوعات اور سیاحت جیسے شعبوں کو علاقائی اور عالمی سطح پر روشناس کرانے کے سلسلہ میں آئیڈیل پلیٹ فارم مہیا کرے گا، اس پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔