سمر قند۔15ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور بیلا روس نے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعرات کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں شدید سیلاب سے ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان سے متعلق بیلا روس کے صدر کو آگاہ کیا اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ہمدردی اور تعزیت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان جیسے ممالک کے لئے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی سطح پر اجتماعی کارروائی کے ذریعے اس خطرے سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تعاون کے وسیع فریم ورک اور موجود طریقہ کار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی رفتار کو بڑھانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان بیلاروس مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا اگلا اجلاس جلد از جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا جو کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت اور باہمی تعاون کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو ایس سی او کی مکمل رکنیت کے لئے پاکستان کی طرف سے بیلاروس کی حمایت سے آگاہ کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے تنظیم مزید مضبوط ہوگی۔
وزیراعظم نے صدر لوکاشینکو کی طرف سے بیلاروس کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=327427