اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف لسبیلہ بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے گھر گئے ، شہید کیلئے فاتحہ کی اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔ وزیرِ اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے لئے فاتحہ کی اور اُ ن کے اہلِخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، پاک فوج کے افسران و جوانوں نے اس وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ ہو یا کوئی قدرتی آفت، پاک فوج کے جوان و افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم اس سے پہلے 14 اگست کو میجر طلحہ منان شہید کے گھر ان کے اہلِخانہ سے تعزیت کیلئے بھی گئے تھے۔