اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان جمعہ کو ایک روزہ دورہ پر گلگت روانہ ہو گئے۔وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے نئے منصوبوں کا افتتاح کریں گے جس سے گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس مہیا ہوگی اور موجودہ سروس بہتر ہوگی۔
وزیر اعظم کو احساس پروگرام کے تحت گلگت بلتستان میں جاری امدادی منصوبوں اور مستقبل کے لیے منصوبہ بندی پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر اعظم اس موقع پر گلگت بلتستان بھر کے لیے احساس نشو نما، احساس انڈر گریجویٹ و سیکینڈری ایجوکیشن اسکالرشپ اور احساس “ایک عورت-ایک اکائونٹ” کا اجرا کریں گے۔
وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر اعظم گلگت میں خطاب کریں گے اور گلگت بلتستان ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔