اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرِ ستان میں بھارت کے زیر سرپرستی سرگرم، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کامیاب آپریشن اور 11 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہےکہ ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران ارض وطن کی حفاظت اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکی۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے،وطن عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔