وزیرِ اعظم کا ویژن دنیا کی گیارہ کھرب ٹیکنالوجی آمدن سے پاکستان کا حصہ کلیم کرنا ہے، لاہور ٹیکناپولس پر کام کا آغاز اسی حکمت عملی کا حصہ ہے،حسان خاور کی پریس کانفرنس

92

لاہور۔24دسمبر (اے پی پی):معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا ویژن دنیا کی گیارہ کھرب ٹیکنالوجی آمدن سے پاکستان کا حصہ کلیم کرنا ہے، لاہور میں لاہور ٹیکناپولس پر کام کا آغاز اس ویژن کی تکمیل کی جانب وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے،2013میں اس وقت کی حکومت نے یونیورسٹیاں بنانے کے لیے بورڈ آف ریونیو سے 8سو 13 ایکڑ زمین حاصل کی، ن لیگی حکومت نے فیصلہ کیا کہ دو سو ایکڑ پر یونیورسٹیاں بنا کر باقی زمین کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کی جائے مگر مسئلہ حل نہ ہو سکا، ریکارڈ کے مطابق اس منصوبے پر 2018 تک ڈیڑھ ارب خرچ ہو چکا تھا لیکن سوائے ایک دیوار، ایک گیٹ اور کچرے کے ڈھیر کے وہاں کچھ نہ تھا، اپوزیشن اس وقت "کھسیانی بلی کھمبا نوچے” کے مصداق اس منصوبے کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، اگر ن لیگ کہے تو جو دیوار انہوں نے بنائی تھی اس کا نام دیوارِ(ن) رکھ دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا میں وزیرِ ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور چیئرمین لاہور نالج پارک جمال انصاری کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں پر عوام کا پیسہ لگا ہو ان کو سیاسی چپقلش کی نذر کرنے کی بجائے آگے بڑھانا چاہئے، دنیا کا ٹیکنالوجی آمدن کا حجم گیارہ کھرب ڈالر تک چلا گیا ہے، اسی بنیاد پر ہم نے وفاقی ادارے سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تا کہ اس پراجیکٹ کو مقامی سلیکون ویلی اور ٹیک زون کی طرز پر فائدہ مند بنایا جائے، اس پروگرام سے متعلقہ ایڈوانس تربیتی سیشنز جنوری سے شروع کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی کی آمدن میں اپنے پڑوسی ہندوستان سے چھ گنا چھوٹے ہیں، اس منصوبے سے بالخصوص لاہور کی قسمت بدلے گی، ٹیکنالوجی کی برآمدات سے قوم کو فائدہ پہنچے گا، آصف زرداری کے خیمے لگا کر احتجاج کرنے کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ کے جو حالات پیپلز پارٹی نے کر دیئے ہیں انہیں واقعی خیموں میں رہنا پڑے گا۔ حسان خاور نے کہا کہ ایاز صادق صاحب نواز شریف کو پاکستان واپس لائیں، ان کے لیے دروازے کھلے ہیں، ن لیگ کے پی کے میں ایک نشست ملنے پر جشن منائے، پاکستان تحریکِ انصاف ملکی ترقی کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ وزیراعظم صنعتی ترقی کا ویژن لے کر آئے ہیں جس کے لیے تربیت یافتہ لیبر اور بہتر معیارِ تعلیم ضروری ہے، ہم ٹیکنالوجی اور انڈسٹری کے سپیشل زونز بنا رہے ہیں تاکہ وہاں ٹریڈرز، سرمایہ کاروں اور عوام کو سہولیات مل سکیں۔

چیئرمین لاہور نالج پارک جمال انصاری نے اس موقع پر بتایا کہ لاہور نالج پارک کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک حصے میں یونیورسٹیاں ہوں گی، دوسرے حصے میں پڑھے لکھے افراد کی عملی تربیت کرنا اور تیسرے مرحلہ سیمی کنڈیکٹر کو ڈویلپ کرنا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا عزم دنیا کی 100 بہترین سیمی کنڈکٹر بنانے والی کمپنیوں کو یہاں لانا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارا مقصد ایک لاکھ افراد کو تربیت فراہم کرنا ہے، پہلے مرحلے میں حکومت دس ہزار افراد کو تربیت دے گی۔