23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومتازہ ترینوزیر اعظم شہباز شریف ملکی معیشت کے استحکام کیلئے دن رات متحرک...

وزیر اعظم شہباز شریف ملکی معیشت کے استحکام کیلئے دن رات متحرک ہیں،منرلز انویسٹمنٹ معاشی سمت کے درست ہونے کا ثبوت ہے ۔محمد اورنگزیب

- Advertisement -

لاہور۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملکی معیشت کے استحکام کیلئے دن رات متحرک ہیں،منرلز انویسٹمنٹ فورم معاشی سمت کے درست ہونے کا ثبوت ہے ، ٹیکس نظام انتہائی سادہ بنانے جا رہے ہیں، تاجروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،انڈسٹری کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا ، بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم ہماری معاشی سمت کے درست ہونے کا ثبوت ہے،چین ،یورپ اور امریکہ سمیت کئی ممالک کے نمائندوں نے فورم میں شرکت کی ہے ، اربوں ڈالرز کی منرلز انویسٹمنٹ میں متعدد غیر ملکی کمپنیاں دلچسپی لے رہی ہیں ،ملک میں معاشی استحکام لانے کیلئے ہر پاکستانی کواپنا کردا ر ادا کرنا ہو گا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ان کی باصلاحیت ٹیم ملکی معیشت کے استحکام کیلئے دن رات متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو بخوبی سمجھتا ہوں، ٹیکس نظام کو انتہائی سادہ بنانے جا رہے ہیں، ایسا طبقہ جس کی جائیداد یہاں ہے اور نہ بیرون ملک ،اسے بھی پیچیدہ ٹیکس نظام میں الجھایا ہوا ہے،ایف بی آر میں صاف ستھرے لوگ لے کر آرہے ہیں، ایف بی آر میں فارم کو پچیس چیزوں پر لے کر جارہے ہیں، شہری سادہ فارم سے وہ بھر دے تو ٹیکس فائل ہوجائے گا۔

- Advertisement -

وزیر خزانہ نے کہا کہ میں پاکستان کے کئی چیمبرز کے دورے کرچکا ہوں،ساڑھے چھ سال اس ملک کا سب سے بڑا بینک چلا کر آیا ہوں، فیصل آباد اور گوجرانوالہ چیمبر بھی جاچکا ہوں،ہم پبلک سورنٹس اور ہم نے چیمبرز کے پاس حاضر ہونا ہے،چیمبرز کے جائز مطالبات کو مانا بھی جائے گا اور انہیں حل کرنے کیلئے تمام وسائل وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم معاشی استحکام کی بات کرتے ہیں، یہ بہت اہم ہے کہ ہم اگر اپنے ملک کے انویسٹر کے پیسے وقت پر واپس نہیں کرسکتے تو آگے کیسے جاسکتے ہیں،معاشی استحکام کیلئے افراط زر کا نیچے آنا بہت ضروری تھا ، پہلے شرح سود بائیس فیصد پر تھا لیکن آج بارہ فیصد پر ہے،اگر عام آدمی پر ہماری پالیسیوں کا اثر نہیں ہورہا تو کوئی فائدہ نہیں ہے،ہر مہینے ہم دیکھ رہے ہیں کہ دالیں ، چکن اور سبزی کی قیمتیں کیا ہے،یہ نہیں ہوسکتا کہ عام آدمی کو فائدہ نہ پہنچے اور مڈل مین فائدہ اٹھاتا رہے،اسٹاک مارکیٹ اوپر اور نیچے ہوتی رہے گی،اس میں کچھ وجوہات بیرونی بھی ہیں۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہے کہ ہم صحیح سمت میں چل رہے ہیں یا نہیں،اگر بڑے گروپس انوسٹمنٹ کرنے کیلئے سامنے آتے ہیں،

توہم نے دیکھنا یہ ہے کہ اس کو آگے کیسے لے کر جانا ہے،ریکوڈک کا ایک پروجیکٹ بہت اہم ہے، بلوچستان میں ریکوڈک پروجیکٹ ہمارا خواب ہے،انڈونیشیاء کی پچھلے سال نکل کی ایکسپورٹ بائیس بلین ڈالر تھی،دو ہزار اٹھائیس کے بعد ہماری ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حوصلہ کریں اور رشوت خوروں کی باتوں میں نہ آئیں، کسٹمز میں فیس لیس ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ چوری یا رشوت بازاری نہ ہو سکے،اگر ہم رشوت لے رہے ہیں تو کوئی ہمیں رشوت دے رہا ہے،

آپ سے درخواست ہے کہ آپ رشوت دینا بند کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی ملکی ترقی کا باعث ہے، معاشی استحکام کے لیے اپنی درست سمت کا تعین کرنا ضروری ہوتا ہے، ہمیں صنعتی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا،مہنگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار میں استحکام آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مشاورت جاری رکھیں گے،پرائیویٹ سیکٹر کسی بھی ملک کو چلانے میں کلیدی کردار رکھتا ہے، اداروں کی پرائیوٹائزیشن بھی بہتر انداز میں کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ و زیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو جی ایس پی پلس پر کام کرر ہی ہے،اس سلسلے میں پندرہ وزارتوں میں کام جاری ہے،وفاقی بجٹ کی تیاری میں تاجروں کی تجاویز کو بھی مد نظر رکھا جا ئے گا ،آئندہ کچھ مہینوں میں وزیر اعظم عوام کیلئے مزید ریلیف کا اعلان کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں استحکام اسی وقت ہوسکتا ہے جب ہم ٹیکس نیٹ کو بڑھا ئیں گے،اس وقت دس فیصد لوگ ٹیکس دے رہے ہیں جسے تیرہ فیصد پر لیجانے کی ضرورت ہے

،جس حساب سے ہماری آبادی بڑھ رہی ہے، رورل سائیڈ پر زیادہ بڑھ رہی ہے ،آج اگر ہمارے ملک کو اتنی آبادی ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں تو سوچیں آبادی مزید بڑھی تو اس ملک کا کیا حشر ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپین روٹ کی پروازیں بحال ہو گئی ہیں ،امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یوکے کے روٹس بھی کھل جائیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581029

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں