لاہور ۔27مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ارشاد عارف کو صدر، انور ساجدی کو سینئر نائب صدر اور اعجازالحق کو سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئےتمام نومنتخب عہدیداروں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ "سی پی این ای’ اہل قلم اور صحافت کے ممتاز ناموں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے ،آپ کا انتخاب ‘سی پی این ای’ میں شامل آپ کے ساتھیوں کے آپ پر اعتماد کا مظہر ہے،سی پی این ای’ کی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے کوششوں میں حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ ومنتخب عہدیداروں کے لئے دعا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں میں سرخرو ہوں اور اپنی کمیونٹی کے اعتماد پر پورا اتریں۔