وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اور خصوصی دلچسپی پر اپر چترال کو یکم فروری سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی،وفاقی وزیرخرم دستگیر

91

پشاور۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اور خصوصی دلچسپی پر اپر چترال کو یکم فروری سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی ۔اتوار کے روز یہاں گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بالائی چترال کے ایک وفد کے ساتھ ان کے مسائل سننے کیلئے خصوصی طور پر پشاور آئے ہیں، لوئر چترال کی طرح اپر چترال کو بھی ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ گورنر ہاؤس میں اپر چترال کے عمائدین کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں گورنر کو بطور ضامن شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپر چترال کے عمائدین نے اپنے مسائل اور بجلی کی ناکافی فراہمی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بقایا جات کی ادائیگی کے لیے ایک ماہ کے اندر رپورٹ تیار کر لی جائے گی اور بالائی چترال کے لوگوں کے بجلی کے بلوں میں اضافے کا فیصلہ علاقے کو بجلی کی فراہمی کے بعد کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اپر چترال کو بجلی کی فراہمی کا اپنا وعدہ پورا کرے گی انہوں نے یقین دلایا کہ اگر بلوں کی باقاعدگی سے ادائیگی کی جائے تو بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔

گورنر غلام علی نے چترال کی محرومیوں پر توجہ دینے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چترال صوبے کا ایک بڑا ضلع ہے جہاں اپر چترال کے لوگ گزشتہ 5 سال سے تاریکی میں زندگی گزار رہے تھے انہوں نے اپر چترال کو بجلی کی فراہمی کا مسئلہ حل کرنے پر وفاقی وزارت توانائی اور صوبائی محکمہ توانائی سمیت دیگر اعلیٰ حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر نے تقریب کی میزبانی کرنے پر گورنر غلام علی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورنر حاجی غلام علی صوبے کے عوام کے مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔