وزیر اعظم عمران خان آج بدھ کو مہمند ڈیم کا دورہ کریں گے

131

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان آج بدھ کو مہمند ڈیم کا دورہ کریں گے اور جاری کام کا جائزہ لیں گے،اس موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے۔ایوان وزیر اعظم میڈیا ہائوس سے جاری بیان کے مطابق مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان نے 2مئی 2019 کو رکھا تھا ۔

مہمند ڈیم دریا سوات پر قبائلی ضلع مہمند میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ یہ کثیر المقاصد منصوبہکو کنٹرول کرنے، زراعت اور شہری ضروریات کے لیے پانی ذخیرہ کرنے، سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔309 ارب سے زائد (309.6) ارب روپے کی لاگت سے بننے والے مہمند ڈیم کی اونچائی 213 میٹر ہوگی جس میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی اور 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ بجلی، آبپاشی اور سیلاب سے بچائو کے ضمن میں پاکستان کو مہمند ڈیم کی تکمیل کے بعد سالانہ 51 ارب روپے کا فائدہ حاصل ہوگا

۔وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کے مطابق اس منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے جو کرونا وباء کے باوجود بھی تعطل کا شکار نہیں ہوا۔ واپڈا اس منصوبے کو اپنی مقررہ مدت سال 2025 تک پایہ تکمیل کو پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔وزیر اعظم عمران خان پشاور میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت شاہی بالا، ریگی للمہ پشاور میں کم لاگت فیملی فلیٹس کی مزدوروں میں تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

یہ منصوبہ خیبر پختونخوا حکومت کے زیر انتظام ہے جس میں 2056 فیملی فلیٹس مالکانہ حقوق کی بنیاد پر صوبے کے رجسٹرڈ ورکرز میں تقسیم کئے جائیں گے۔ تقسیم کا طریقہ کار قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا جس میں 3 فیصد بیوائوں اور 2 فیصد معذور افراد کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔اس منصوبے میں 30 کلاس رومز پر مشتمل سکول بھی شامل ہے۔وزیر اعظم اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔