وزیر اعظم عمران خان کی برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن سے ٹیلی فون پر بات چیت

80

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور باہمی تعلقات،افغان عمل امن،کووڈ 19 وبا اور ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے 5 جون کو ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر بورس جانسن کے پرمغز ویڈیو پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں مضبوط شراکت داری پروان چڑھے گی۔دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔وزیراعظم عمران خان نے برطانیہ میں کووڈ 19 وبا سے نمٹنے کے لئے بورس جانسن کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے کوڈ 19 وباسے نمٹنے کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا جس میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے ساتھ ساتھ روزگار اور معیشت کے تحفظ کے اقدامات شامل تھے۔

انہوں نے بورس جانسن سے کہا کہ وہ پاکستان کو اس وبا کی وجہ سے ممالک پر سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ پر ڈالنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔افغانستان کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی قیادت میں ان کے اپنے امن اور مفاہمت کے عمل کی حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے دیرینہ موقف کودہراتے ہوئے کہاکہ افغانستان کے مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں اور بات چیت کے ذریعے سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کے راستہ ہے۔فوجی انخلا پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اپنے برطانوی ہم منصب کو افغان امن عمل کی حمایت میں پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے اے ایم ایل اور سی ایف ٹی فریم ورک کی مضبوطی کے لئے پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فیٹف ممبران پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی کامیابیوں کو ادراک کریں۔دونوں راہنمائوں نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور عالمی اور علاقائی امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے لئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔